رپورٹ کےمطابق گذشتہ روز قابض فوجیوں نے الخلیل شہر میں 20 سالہ فلسطینی نوجوان بسام سدر کو گولیاں مار کرشہید کردیا۔ صہیونی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ فلسطینی نوجوان نے ایک فوجی اہلکار پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی جس پر اسےگولیوں سے نشانہ بنایا گیا۔
بدھ کے روز 26 سالہ سابق فلسطینی اسیر احمد فتحی ابو شعبان کو بیت المقدس میں راس العامود کے مقام پر گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔
قبل ازیں منگل کو بیت لحم میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ایک فلسطینی نوجوان جام شہادت نوش کرگیا۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق 20 سالہ معتز زواھرہ کو اسرائیلی فوج نےگولیاں مار دی تھیں جسے اسپتال منتقل کیا گیا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔
قبل ازیں قابض فوج نے بیت المقدس میں فائرنگ کرکے 20 سالہ علاء ابو جمل کوشہید کیا۔بیت المقدس ہی میں 24 سالہ سابق اسیر محمد خلیل علیان کو بھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ بیت المقدس کے دونوں فلسطینی نوجوانوں پر گاڑیوں کے ذریعے یہودی آباد کاروں کو کچلنے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔
