(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) یورپی یونین کی عدالت نے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کودہشتگرد تنظیم قراردینے کے فیصلے کوکالعدم کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی "لکسمبرگ” میں قائم ایک عدالت نے فلسطین پر قابض اسرائیل کےمظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ "عزالدین القسام بریگیڈ” کو دہشتگردتنظیموں کی فہرست سے خارج کردیا ہے ۔
گزشتہ روزانسانی حقوق کے مندوب خالد الشولی نے ایک بیان میں بتایا کہ لکسمبرگ کی ایک ابتدائی عدالت میں حماس کے حق میں فیصلہ صادر کیا گیا ہے۔ چار ستمبر کو عدالت میں حماس سے متعلق کیس کی اعلانیہ سماعت کے موقع پر عدالت نے کہا کہ حماس اور اس کے عسکری ونگ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا نامناسب ہے۔ عدالت یورپی یونین کے اس اقدام اور جماعت کو دہشت گرد قرار دینے کے تمام صدارتی اور حکومتی احکامات کو کالعدم قرار دیتی ہے۔
خیال رہے کہ یورپی عدالت نے سنہ 2018ء کے کیس نمبر 475، 1084، ایگزیکٹو آرڈر نمبر 468 اور 1071 کو بنیاد بنا کر حماس اور القسام بریگیڈ کو دہشت گرد گروپوں کی فہرست سے نکالنے کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نئے فیصلے کا 17 دسمبر 2014ء کے اس فیصلے کے ساتھ تعلق نہیں جس میں یورپی عدالت کی طرف سے حماس کو دہشت گرد قرار دینے کے اقدام کی توثیق کی تھی۔حماس کی طرف سے یورپی یونین میں شامل ممالک کی طرف سے جماعت کو دہشت گرد قرار دینے کے اقدام کو مختلف عدالتوں میں چیلنج کیا تھا۔