(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) خلیجی ملک قطر نے عالمی وباء کورونا وائرس سے فلسطین کے محصور شہر غزہ کے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے آئندہ چھ ماہ تک 150 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی جانب سے گزشتہ 13 سالوں سے صیہونی ریاست کی غیر قانونی ناکہ بندی کا شکار فلسطینی شہر غزہ کے محصور باشندوں کو عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤکیلئے ضروری انتظامات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے 150 ملین ڈالر (15) کروڑ امریکی ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے ۔
قطرکی سرکاری نیوز ویب سائٹ کے مطابق امداد کی یہ رقم اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلائے جانے والے انسانی ہمدری کے منصوبوں کے تحت فلسطینی بھائیوں بہنوں کے دکھوں کو کم کرنے کی کوشش اور غزہ کے محصورین کی امداد کے حوالے سے جاری پالیسی اور انسداد کورونا کے لیے کی جانے والی عالمی مساعی کا حصہ ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے قطری حکومت کی طرف سے محصورین غزہ کے لیے امدادی منصوبوں اور انسداد کورونا کے لیے امداد کے اعلان پر امیر قطر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قوم امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی طرف سے غزہ کے عوام کے لیے دل کھول کر امداد کی فراہمی کو حماس قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔