مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حرم مکی میں کرین کے حادثے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پرحماس کی پوری قیادت اور پوری فلسطینی قوم کو دکھ ہے اور ہم سب سعودی عرب کی قیادت اور قوم کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
عزت الرشق نے اپنے بیان میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی حکومت، حادثے میں جاں بحق ہونے والے حجاج اور نمازیوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور ان کے صبر جمیل جب کہ شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی۔
خیال رہے کہ جمعہ کی شام نماز مغرب کے وقت مسجد حرام میں ایک کرین موسم کی خرابی کے باعث ٹوٹ کرمسجد پرآ گری تھی جس کے نتیجے میں 107 نمازی اور عازمین حج شہید اور 238 زخمی ہوگئے تھے۔