غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے ایران کے شہر زاہدان میں پاسداران انقلاب پر ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’حماس‘‘ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب پر حملہ بزدل دشمن کی کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حماس نے حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور غم گساری کا اظہار کیا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ ایران میں پاسداران انقلاب پرحملہ امریکا اور صہیونیوں کے لیے کام کرنے والے بزدل عناصر کی کارروائی ہے۔ دشمن ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور دہشت گردی کے ذریعے ایران کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل جنوب مشرقی ایران میں پاسداران انقلاب کی ایک بس پر ہونے والے حملے میں 27 فوجی جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔