(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے مشرقی وسطیٰ امن عمل نے فلسطین میں انتخابات کو کامیاب بنانے میں حماس کے مثبت طرز عمل اور گہری دلچسپی کو سراہا ہے۔
گزشتہ روز حماس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے مشرقی وسطیٰ امن عمل نیکولائی ملادینوف نے حماس کے سربراہ اسمعٰیل ھنیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس دوران انہوں نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت فلسطین میں سیاسی تقسیم کو ختم کرنے اور انتخابات کو کامیاب بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق نیکولائی ملادینوف نے تصدیق کی ہے کہ اقوام متحدہ فلسطین میں انتخابات کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔
خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ امن عمل نے کہا ، "انتخابات کی کامیابی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آئندہ کے تمام اقدامات میں قومی اتفاق رائے حاصل کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر حماس سربراہ اسمعٰیل ھینہ نے انتخابات کے لئے حماس کی تیاری کی ایک بار پھر تصدیق کی اور اقوام متحدہ کے مثبت اقدام کا خیرمقدم کیا۔