مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان اور پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر صلاح الدین بردویل کا کہنا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق اور فتح کی سینٹرل کمیٹی کے رکن عزام الاحمد کے درمیان ملاقات کا کوئی ٹائم فریم جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ترک خبر رساں ایجنسی ’’اناطولیہ‘‘ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر بردویل کا کہنا تھا کہ فتح کی جانب سے نتیجہ خیزمذاکرات اور مفاہمتی کوششوں کی یقین دہانی نہ کرائی گئی تو وہ مذاکراتی عمل میں حصہ نہیں لیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے میڈیا میں آنے والی ان خبروں کی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ حماس اور الفتح کی قیادت آئندہ جمعہ کو قاہرہ میں ملاقات کررہی ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ عزام الاحمد کی جانب سے مصرمیں حماس کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کے اس مطالبے کے جواب میں حماس نے واضح کردیا ہے کہ حماس کی قیادت فتح کے ساتھ اس وقت مذاکرات شروع کرے گی جب مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔
خیال رہے کہ حال میں حماس اور تحریک فتح کی قیادت کے درمیان تعطل کا شکار قومی مفاہمت کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی خبریں آرہی ہیں۔ ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فتح کی قیادت نے قاہرہ میں مفاہمتی مذاکرات کی شرط رکھی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین