مصری سیٹلائٹ چینل نے حماس اور اسرائیل کے مابین ہونے والے تاریخی تبادلہ اسیران ڈیلنگ کے نتیجے میں رہا ہونے والے فلسطینی اسیران اور اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کی رہائی کے مناظر کی ویڈیو سب سے پہلے نشر کر دی۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے شالیت کو رفح کراسنگ کے ذریعےمصری حکام کے حوالے کیا گیا تو شالیت نے سول لباس زیب تن کر رکھا تھا اور سر پر ہیٹ تھا اور انہیں القسام بریگیڈ کے مجاہدین نے گھیر رکھا تھا، اس موقع پر القسام بریگیڈ کے رہنما احمد الجعبری بھی موجود تھے۔
شالیت کی صحت اچھی نظر آ رہی تھی اور وہ پیدل چلتے ہوئےاپنی کار تک پہنچا جہاں اسرائیلی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے اسے وصول کیا۔ شالیت کی پہلی ویڈیو نشر کرنے کا حق مصری چینل کو دیا گیا تھا کیونکہ اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے میں اہم ترین کردار بھی مصر کا ہی تھا۔
دوسری جانب مصری چینل نے مصر پہنچنے والے فلسطینی اسیران کے مناظر بھی براہ راست نشر کیے۔ یہ قیدی رفح کراسنگ کے ذریعے مصر داخل ہوئے تھے۔