(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کے ترجمان نے ایک اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ سے حماس کی جانب سے کئی راکٹ اسرائیل میں داغے گئے ہیں جس کا جواب دیا گیا ہے تاہم مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔
مقبوضہ بیت المقدس او رغرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی آباکاروں کی جانب سے نہتے فلسطینوں پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں اور کشیدگی کو کم کرنے اور کسی بھی قسم کی ناخوش گوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے مصر اور اقوام متحدہ نے مشترکہ طورپر کوششیں شروع کردی ہیں۔
مصر کےوزیر خارجہ سامع شکری اور مشرق وسطی میںامن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب ٹور ونسلینڈ نے بیت المقدس، غرب اردن اور مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں صیہونی ریاست کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت میں اضافے سے بچنے کے لیے اگلے مرحلے میں رابطے تیزکرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ سے اسرائیل میں متعدد راکٹ حملے کئے گئے ہیں جس پر تل ابیب نے غزہ کی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف سخت جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
مصری وزارت خارجہ کے بیان میں اشارہ کیا ہے کہ وزیر خارجہ شکری نے اقوام متحدہ کے ایلچی کے ساتھ، جو اس وقت قاہرہ کا دورہ کررہے ہیں فلسطین کے مسئلے میں ہونے والی پیشرفت، اور فلسطینیوں اور اسرائیل کے مابین امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔