(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے سربراہ نے پاکستانی قوم اور قیادت کی مساعی اور موقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیا ہے، فلسطینی اس دیرینہ ہمدردی اور یکجہتی پر پاکستان کے شکر گذار ہیں۔
کراچی میں پاکستان کی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ فلسطینی قوم سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ اسرائیل مخالف ملین مارچ سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ عالمی استعماری طاقتیں مسلمانوں کی قوت کو منتشر کرنے کے انہیں تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہیں لیکن حماس قضیہ فلسطین کو عرب ، مسلمان اور انسانیت کی بنیاد پر کام کرنے والے دائروں میں واپس لائیں گے اور کراچی میں منعقدہ یہ ملین مارچ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کے حوالے سے پاکستانی قوم اور قیادت کی مساعی اور موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی قوم کا ساتھ دیا ہے۔ فلسطینی بھی پاکستانیوں کی اس دیرینہ ہمدردی اور یکجہتی پر شکر گذار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت حماس فلسطین کی آزادی کے لیے طے شدہ تین بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، فلسطین کی آزادی کے لیے مسلح اور جامع مزاحمت، ارض فلسطین کی آزادی میں کسی افراط وتفریط اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی پر کوئی سمھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے جرات مندانہ اور اصولی موقف کو سراہا اور کہا کہ سلامتی کونسل میں عمران خان نے فلسطینی قوم کے حقوق کا پوری جرات کے ساتھ مقدمہ پیش کیا ہے۔