مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما مشیرالمصری نے غزہ کی پٹی میں ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر عباس اور ان کے وزیر محمود الھباش کی جانب سےدنیا بھر کو غزہ کی پٹی اور فلسطین کو تاران کرنے کی دعوت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں مصر میں جاری’’فیصلہ کن طوفان‘‘ آپریشن کی طرز پر آپریشن کی دعوت دے کر بدترین قومی دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے قاہرہ میں عرب لیگ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس طرح یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف مصرنے فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔ اسی طرز پر فلسطین میں ’فتنہ پرور‘ عناصر کے خلاف بھی آپریشن ہونا چاہیے۔ ملک میں پھوٹ ڈالنے والوں کے خلاف یہاں بھی ایسی ہی کارروائی کی ضرورت ہے۔ یمن آپریشن کی طرز پر فلسطین، شام، عراق، لیبیا اور صومالیہ میں بھی ایسی کارروائیوں کی ضرورت ہے۔
محمود عباس کے اس بیان سے قبل ان کے ایک وزیر محمود الھباش نے بھی ایسا ہی ایک متنازعہ بیان جاری کیا۔ ان دونوں کے متنازعہ بیانات کے خلاف فلسطین بھر میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ کل اتوار کو غزہ کی پٹی میں صدر عباس کے اس بیان کےخلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں اسلامی جہاد اور حماس کے کارکنان سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین