اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کا کہنا ہے کہ حماس فلسطینی تنظمیوں کے مابین ہونے والے مفاہمتی معاہدے پرعمل درآمد کی شدید خواہش مند ہے۔ فلسطینی قومی اہداف کے حصول کے لیے اس معاہدے پر فوری عمل ضروری ہے۔
اخوان المسلمین کے بانی کارکن الحاج محمد النجار سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے خالد مشعل کا کہنا تھا ہم پر لازم ہو گیا ہے کہ قومی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور دنیا کو بتائیں کہ فلسطین کے تمام معاملات اتفاق سے طے پا رہے ہیں۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ اللہ کی مدد کے بعد جدوجہد اور قومی وحدت ہی ہے جس کے ذریعے سے ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمہ حقوق کے حصول کے لیے اگلے مرحلے میں فلسطینی مفاہمت کے مطابق قومی اہداف کےحصول کے لیے جدوجہد ہی کارآمد ثابت ہو گی۔
خالد مشعل نے فلسطین کی آزادی کے سفر میں تحریک فتح سےکردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ہی اگلے مرحلے میں مسلمہ قومی حقوق کےحصول کے لیے قومی پروگرام تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے فتح اور دیگر تمام فلسطینی تنظیموں کے لیے اپنے ذہن کو کھول رکھا ہے۔ ہم اپنے بھائیوں کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے مسائل کا حل امریکا یا کسی دوسرے کے ایماء پر اسرائیل کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بلکہ آپس میں مل بیٹھنے میں ہے۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے عرب انقلابات کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مفید قرار دیا۔