معروف سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ "فیس بک” نے فلسطین کے آئینی وزیر اعظم اسماعیل ھینہ کے مداحوں کا صفحہ بلاک کر دیا۔
اسماعیل ھنیہ کے ویب پیج کے ایڈمنسٹریٹر نے بتایا کہ "فیس بک” کے ڈیٹا بیس میں مداحوں کے جتنے بھی صفحات پر حماس کے رہ نما اسماعیل ھنیہ کا نام موجود تھا، انہیں بغیر کوئی وجہ بتائے نیٹ ورک سے ختم کر دیا
گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر نے خدشہ ظاہر کیا کہ فیس بک حماس کے دوسرے رہ نماوں کے مداحوں کے صفحات کے ساتھ ایسا ہی سلوک کر سکتا ہے۔
"اس وقت حماس کے سیاسی شعبے کے نگران خالد مشعل، جو دمشق میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں کے مداحوں کے صفحے پر سترہ ہزار ممبران موجود ہیں جبکہ اسماعیل ھنیہ کے ایک صفحے پر دس ہزار سے زیادہ مداح بطور ممبر اپنے خیالات دوسرے کمیونٹی ممبران سے شیئر کرتے تھے۔”
لندن سے شائع ہونے والے عرب روزنامے "الحیاۃ” کے مطابق انٹرنیٹ بلاگرز نے "فیس بک” کے اس اقدام پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیس بک انتظامیہ اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کے رہ نماوں کے نیٹ ورک پر موجود پروفائل اور صفحات میں رد و بدل سے باز رہے۔