مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی جماعت اکناف بیت المقدس سے اپنی کسی قسم کی وابستگی کی سختی سے تردید کرچکی ہے۔ اس کے باوجود فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار احمد مجدلانی حماس پر الزام تراشی کی سیاست جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں احمد مجدلانی نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے ڈاکٹر طلال الناجی سے کہا تھا کہ وہ اکناف بیت المقدس کو یرموک پناہ گزین کیمپ سے نکالنے میں مدد فراہم کریں۔
ترجمان نے المجدلانی کے اس بیان کو من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتےہوئے کہا کہ مجدلانی یرموک پناہ گزین کیمپ کے معاملے میں حماس کی پوزیشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حماس یرموک پناہ گزین کیمپ کے محاصرے کے فوری خاتمے اور کیمپ کے اندر جاری لڑائی روکنے کا مطالبہ کرتی ہے لیکن جماعت کی جانب سے کسی ایک گروپ کی حمایت کا الزام قطعی بے بنیاد ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
