(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے سینئر رہنماء نے کہا ہے کہ عرب ممالک مقبوضہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے پر خاموشی توڑ کر مذمت کرتے ہوئے اس کو مجرم قرار دیں دوسری صورت میں عرب ممالک کی خاموشی کو فلسطینی عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنا قرار دیا جائے گا۔
گزشتہ تیرا سالوں سے صہیونی محاصرے کا شکار مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ میں مشرقی وسطیٰ کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کا مقابلہ کرنے کیلئے منعقد ہونے والے ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر عہدیدار ڈاکٹر خليل الحيہ نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی اتحاد کے منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لئے فوری قومی اجلاس منعقد کریں اور حکمت عملی وضح کریں ۔
انھوں نے تحریک فتح کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے سے منسلک اسرائیلی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے ، سنجیدہ اقدامات اٹھانے کے ساتھ فلسطینی دھڑوں کے درمیان اتحاد پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی اور سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کرتے ہوئے اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کی اجازت دیں۔