اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے کہا ہے کہ یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پرمسلسل دھاووں کے بعد فلسطینی عوام دفاع قبلہ اول کے لیے جاری تحریک کو جدید خطوط پرآگے بڑھائیں اور صہیونی ریاست کی دروغ گوئی کو جھوٹا ثابت کردیں۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دفاع قبلہ اول اور صہیونی جرائم کے خلاف جاری تحریک کو زیادہ فعال موثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ حماس فلسطینی عوام سے یہی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ دفاع قبلہ اول کی تحریک کو جدید سے جدید تر خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے جاری رکھیں۔ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس میں امن وامان کی صورت حال قابو میں آنے کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے۔ اگر حالات پرامن ہوچکے ہیں تو یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر یلغار کا موقع کیوں دیا گیا ہے۔ یہودی آباد کار اسرائیلی فوج اور پولیس کی سخت سیکیورٹی میں قبلہ اول کے مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل کا یہ دعویٰ درست ہے کہ مسجد اقصیٰ میں امن قائم ہوچکا ہے تو فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول میں آنے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔ اسرائیلی حکومت کے دعوے محض جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے 40 سال سے کم عمر کےافراد کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے مسلسل روکا جا رہا ہے۔ خواتین کے مسجد میں داخلے پر مکمل پابندی ہے۔