اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے فلسطینی اتھارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے قاھرہ کی متعدد اجلاسوں میں سیاسی بنیادوں پر گرفتاریاں ختم کرنے پر اتفاق کے باوجود اس کے حامیوں کی گرفتاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
پیر کے روز جاری حماس کے بیان کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز نے قلقیلیہ اور سلفیت سے سات فلسطینیوں کو حماس کے تعلق کی پاداش میں حراست میں لے کر سیاسی گرفتاریوں کے حوالے سے حماس کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدوں کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ یہ سب ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے کہ جب فلسطینی مفاہمت پر عمل کا وقت قریب سے قریب تر آتا جا رہا ہے۔
گرفتار افراد کی تفصیلات بتاتے ہوئے حماس نے کہا کہ فتح کی نمائندہ فلسطینی اتھارٹی کےسکیورٹی اہلکاروں نے قلقیلیہ میں دو بھائیوں محمد اور احمد یوسف ایوب احمد کو عزون کے علاقے سے اٹھایا ہے۔ اسی طرح سلفیت میں بھی سکیورٹی فورسز نے معاذ مھیب مرعیاور محمد محفوظ مرعی کو گرفتار کیا، ان دونوں کی عمریں پندرہ پندرہ سال تھیں۔ علاوہ ازیں گرفتار ہونے والے عباس حمد مرعی کی عمر اکیس سال تھی۔
اسی شہر سے سولہ سالہ عبد العزیز حمد مرعی اور پچیس سالہ ایمن عاطف ریان اتھارٹی کی خفیہ ایجنسی کے ہتھے چڑھ گئے۔