(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی سازشی منصوبے صدی کی ڈیل کے خلاف میدان میں اتریں اور پوری تیاری کے ساتھ تمام محاذوں پر اس کا مقابلہ کریں،منصوبے کو مستردکرنے کا بیان دینا کافی نہیں ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم کی جانب سے جاری بیان میں فلسطینی صدر محمود عباس پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ امریکی سازشی منصوبے صدی کی ڈیل کے خلاف میدان میں اتریں اور پوری تیاری کے ساتھ تمام محاذوں پر اس کا مقابلہ کریں اور ایسے اقدامات کریں جو نظر بھی آئیں صرف بیان سے اس سازش کو مستردکرنا کافی نہیں ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون سمیت تمام معاہدے ختم کیے جائیں اور امریکا کے ساتھ کسی بھی میدان میں آئندہ کوئی تعاون نہیں کیا جائے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس نے قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ہرطرح کے تعلقات ختم کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بتا دیا ہے کہ اسرائیل اور امریکیوں کو ہماری طرف سے اب کسی قسم کا تعاون نہیں ملے گا۔