مغربی کنارے میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے فتح کی مجرمانہ سرگرمیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتح مغربی کنارے میں جرائم پیشہ گروہ کی صورت اختیار کرچکی ہے۔
رام اللہ میں حماس کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق فتح کی جانب سے حماس کے اراکین مجلس قانون ساز کی استقبالیہ تقریبات پرحملے، حماس کے خلاف سلام فیاض کی حکومت کا غیر اخلاقی اور زہریلا پروپیگنڈ ہ اور عباس ملیشیا کے ذریعے محب وطن شہریوں پر تشدد سے ظاہر ہوتا ہے کہ فتح ان تمام جرائم کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
مغربی کنارے کے تمام شہروں اور دیہاتوں میں عباس ملیشیا کی غنڈہ گردی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی دی ہے، مغربی کنارے میں جو حالات اب پیدا ہوئے ہیں گذشتہ دس برس میں ایسے کبھی نہیں تھے۔
بیان میں کہاگیا کہ فتح خود کو قومی مجرم کے طور پرپیش نہ کرے، اگر اس کی قوم دشمن پالیسی بدستور جاری رہی تو وہ وقت دور نہیں جب شہری اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کی جانب سے دی ہوئی مہلت کو غنیمت سمجھے اور اپنی قوم دشمن اور اسرائیل نواز پالیسی تبدیل کرے۔