رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا کی بڑی طاقتیں صہیونیوں کی مادی اور معنوی مدد کررہی ہیں۔ امریکا میں جمع ہونے والی صہیونیوں کی دولت فلسطینیوں کے قتل عام کے لیے استعمال کی جاتی ہے، مگر فلسطینی قوم اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے فلسطینیوں کو دھوکہ دیا گیا، ان سے جھوٹ بولا گیا، گمراہی پھیلائی گئی اور کذب بیانی کے ذریعے فلسطینیوں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا، مگر اس کے باوجود فلسطینی قوم نے دشمن کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کردیا۔
ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ امریکی ویٹو ، عرب اور عالمی برادری کی کمزوری کے باوجود حماس اور اسلامی جہاد سمیت تمام فلسطینی تنظیمیں اس بات پرمتفق ہیں کہ وہ فلسطین کی ایک ایک انچ دشمن سے آزاد کرائیں گے۔
فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے موضوع پر بات کرتے ہوئے حماس رہنما نے کہا کہ قومی مفاہمت وقت کی اہم ضرورت ہے مگرمفاہمت کے لیےغزہ کی پٹی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا ہوگا۔ غزہ میں بجلی کےبحران پرقابو پانے، تعمیر نو اور غزہ کے سرکاری ملازمین کے مالی حقوق کی حفاظت کے بغیر مفاہمت آگے نہیں بڑھ سکتی۔