غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ( حماس) نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ غزہ کا محاصرہ ختم اور فلسطینیوں کے قانونی حقوق کی بحالی تک حق واپسی مارچ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینیوں کا پرامن حق واپسی مارچ تیس مارچ یوم الارض کے موقع پر شروع ہوا جو بدستور جاری ہے اور اس پرامن مارچ کواسرائیلی حکومت کی جانب سے جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں اب تک ڈھائی سو فلسطینی شہید اور چھبّیس ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
حماس کے ترجمان عبدالطیف القانوع نے پیر کی رات ایک بیان میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی جاری خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثالثی کا کردار ادا کرنے والوں کو چاہئے کہ اسرائیلی حکومت کو غزہ میں فائربندی کا پابند بنائیں اور اسے فائر بندی پر عمل کرنے پر مجبور کریں۔
ایک مصری وفد کی ثالثی کے بعد اسرائیلی حکومت، گذشتہ سال نومبر میں تحریک مزاحمت کے میزائل حملوں کے بعد فائربندی قبول کرنے پر مجبور ہو گئی تھی تاہم اس کے باوجود وہ غزہ کے عام شہریوں کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔