(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سیاسی شعبے کے رکن نے کہا ہے کہ قابض ریاست کی پوری کوشش ہے کہ محصور شہر غزہ اسرائیلی محاصرے میں ہی رہے لیکن ان کی تحریک اس ناکہ بندی کے تسلسل کو قبول نہیں کرے گی۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے اہم رکن ڈاکٹر خليل الحیہ نے اقصیٰ ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں کہا ہے کہ غزہ پر صیہونی ناکہ بندی زیادہ دن جاری نہیں رہ سکتی یہ جلد ختم ہوجائے گی اور اس کے لئے ہم زیادہ صبر نہیں کریں گے ۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی مظالم کا دور اختتام کے قریب ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ مصر کے دار الحکومت قاہرہ میں حماس کے وفد نے مصری عہدیداروں سے ناکہ بندی کو ختم کرنے پر تفصیلی گفتگو کی ہے ۔
"انہوں نے بتایا کہ حماس کی قیادت کے وفد نے قاہرہ میں قومی مفاہمت کی فائل ، اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے تحفظات اور پریشانیوں پر تبادلہ خیال کیا۔