(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں دوران تربیت اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کا ایک کارکن شہید ہوگیا۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فلسطینی مجاھد کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری کیےگئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین نوجوان کی شہادت کا واقعہ جنوبی غزہ میں خان یونس شہر میں اس وقت پیش آیا جب مجاھدین کا ایک گروپ سنگ میں عسکری تربیت میں مصروف تھا۔القسام بریگیڈ نے شہید نوجوان کی شناخت عبدالرحمان المباشر کے نام سے کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی شہادت ایک سرنگ میں پھنس جانے سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب القسام بریگیڈ اور حماس نے کارکن کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی عسکری مہارت پر اسے شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں کسی فلسطینی مزاحمت کار کی دوران تربیت شہادت کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس طرح کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔