غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) گزشتہ روز غزہ کی پٹی کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ ’’نیکولائے میلاڈینوف‘‘ اور مصری انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر برائے فلسطین میجر جنرل عبدالخالق نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یو این مندوب گذشتہ روز بیت حانون گزرگاہ سے غزہ داخل ہوئے جہاں انہوں نے مصری انٹیلی جنس کے وفد سے ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے مشترکہ طور پر حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر غزہ میں حماس کے صدر یحییٰ السنوار، نائب صدر خلیل الحیہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
مصری وفد اور اقوام متحدہ کے مندوب نے ایک ایسے میں غزہ میں حماس کی قیادت سے ملاقات کی جب دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کے خلاف ہفتہ وار حق واپسی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری تھا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر حماس کی قیادت نے مصری حکام اور اقوام متحدہ کے مندوب کو غزہ کی پٹی کی صورت حال فلسطینیوں میں مصالحت اور حق واپسی کے لیے جاری احتجاجی مظاہروں کے امور پر بریفنگ دی۔