(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل جمعرات کو غزہ میں حماس کی قید سے چار سے پانچ افراد کی لاشیں وصول کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن (کان) کے مطابق، قابض ریاست نے ثالثوں کی مداخلت کے بعد ان لاشوں کو حاصل کرنے کے لیے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ اسرائیلی سیکیورٹی ذرائع نے رائٹرز کو تصدیق کی کہ جمعرات کو چار سے پانچ افراد کی لاشیں حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید برآں، اسرائیلی ذرائع کے مطابق، دیگر چار لاشیں جنگ بندی کے چالیسویں دن، یعنی اگلی جمعرات کو حوالے کی جائیں گی۔ ان لاشوں کے بدلے میں اسرائیل ان تمام فلسطینی خواتین اور 19 سال سے کم عمر بچوں کو رہا کرے گا، جنہیں غزہ میں 8 اکتوبر 2023 کے بعد قابض فوج نے گرفتار کیا تھا اور جو کسی بھی جنگی کارروائی میں ملوث نہیں تھے۔
