اسلامی تحریک مزاحمت ‘‘حماس’’ نے مصر میں دینی پس منظر رکھنے والے سیاست دان ڈاکٹر محمد مرسی کی بطور صدر کامیابی پر انہیں، اخوان المسلمون اور جماعت کی سیاسی پارٹی فریڈم اینڈ جسٹس کو ھدیہ تبریک پیش کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے اپنے ایک خصوصی تہنیتی پیغام میں کہا کہ جمہوریہ مصر میں ڈاکٹر محمد مرسی کی بطور صدر کامیابی اور انتخاب مصری تاریخ کااہم ترین موڑ ہے۔ مصری عوام کی اس مسرت کے موقع پر حماس اور فلسطینی قوم بھی ان کے ساتھ شریک ہے اور انہیں دلی مبارک باد پیش کرتی ہے۔
حماس کے ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ ڈاکٹر محمد مرسی کی قیادت میں مصر ترقی اور استحکام کی منازل طے کرتے ہوئے اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی منزل بھی حاصل کرلے گا۔ انہوں نےاس امید کا اظہار کیا کہ مصر میں اخوان المسلمون کے رہ نما کا بطور صدر انتخاب عالم اسلام کے مسائل کے حل بالخصوص مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
ڈاکٹرسامی ابو زھری نے اخوان المسلمون اور ڈاکٹر محمد مرسی کی جانب سے فلسطینیوں کی مدداور ان کی نصرت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی خیر مقدم کیا۔
خیال رہےکہ مصر میں گذشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈاکٹر محمد مرسی کو ملک کا نیا صدر قرار دیا تھا جس کے بعد نہ صرف مصر بلکہ فلسطین اور عالم عرب میں جشن کا سماں ہے۔غزہ کی پٹی میں رات بھر آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، شہریوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈاکٹر محمد مرسی کے حق میں سڑکوں پر نکل کر بھنگڑے ڈالے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین