اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے رہنما ڈاکٹر صلاح بردویل کا کہنا ہے کہ حماس اور فتح کے درمیان مفاہمتی معاہدے کی رو سے تشکیل دی جانے والی قومی عبوری حکومت میں وزارت عظمی کے لیے سلام فیاض کا نام کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز لندن کے ایک چینل پر اپنی گفتگو میں کی۔
ڈاکٹر بردویل نے بتایا کہ چار مئی کو قاھرہ میں ہونے والے فتح اور حماس کے مابین مفاہمتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے عزام الاحمد کی سربراہی میں فتح اور موسی ابو مرزوق کی سربراہی میں حماس کے وفود کے مابین مذاکرات پر اتفاق ہوچکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ جمعہ کو مفاہمتی معاہدے پر جزوی عمل کی بابت اتفاق رائے ہو جائے گا۔
ڈاکٹر بردویل نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی انتخابات کی اہمیت اپنی جگہ مگر تنہا انتخابات سے تمام فلسطینی اختلافات کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی جماعتوں میں مکمل اتحاد کے لیے فلسطینی قومی کونسل کی تشکیل، تنظیم آزادی فلسطین کی بحالی، سماجی مفاہمت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی سے جیسے اقدامات بھی انتہائی ناگزیر اور قاھرہ میں چار مئی کے معاہدے کے دیگر تمام نقاط پر عمل درآمد بھی ضروری ہے۔