مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایک نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ حماس کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کبھی متاثر ہی نہیں ہوئے ہیں۔ دونوں میں سال ہا سال سے دوستانہ مراسم ہیں، حماس سعودی عرب کو اسلامی دنیا کی اقتصادی، ثقافتی، دینی اور نمائندہ علاقائی قوت تسلیم کرتی ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کی حمات کی۔ سعودی عرب کی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ حماس کی جانب سے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو سعودی عرب، اسلامی دنیا اور فلسطینیوں کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے بھی شاہ عبداللہ کی وفات پر سعودی عرب کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں گہرے دکھ کا اظہار کیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین