غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے مرکزی رہنما عبدالرحمان شدید نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر صیہونی آباد کاروں کی یلغار اور مسجد ابراہیمی کی بار بار بندش کا مقابلہ فلسطینیوں کی متحد اور جامع مزاحمت سے ہی کیا جاسکتا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس رہنما نے کہا کہ صیہونیوں کی طرف سے مسلسل دو روز سے مسجد ابراہیمی میں نماز کی ادائیگی پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ صیہونیوں کی اس مذہبی غنڈہ گردی کا مقابلہ جامع مزاحمت ہی سے ممکن ہے۔
حماس رہنما نے مزید کہا کہ اسرائیل اور صیہونی آباد کار فلسطینیوں کے دینی تشخص پر حملہ آور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے اسلامی مقدسات کا دفاع حماس کی اولین ترجیح ہے۔ حماس فلسطینی مقدسات کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔