اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سربراہ خالد مشعل نے اہم عرب رہ نماؤں اور سربراہان مملکت سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔ ٹیلیفونک رابطوں میں خالد مشعل نے انہیں فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دوحہ میں مقیم حماس رہ نما نے یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی سے ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا۔ یمنی صدر نے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کے عزم اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی بھی شدید مذمت کی۔بعد ازاں خالد مشعل نے سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر کو ٹیلیفون کیا اور انہیں بھی فلسطین کی تازہ صورت حال بالخصوص مغربی کنارے میں تین یہودی آباد کاروں کی پراسرار گم شدگی کے بعد نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن کے بارے میں آگاہ کیا۔ سوڈانی صدر نے بھی فلسطینیوں کی مدد جاری رکھنے کا عزم کیا۔
گذشتہ روز خالد مشعل نے کئی دوسرے عرب رہ نماؤں سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ ان میں قطری وزیرخارجہ خالد العطیہ، سلطنت عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی، عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی اور روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بجدانوف شامل ہیں۔
ان تمام رہ نماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے خالد مشعل نے فلسطین میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔
