تیونس کی حکمراں جماعت "تحریک النہضہ” کے ایک مرکزی رہ نما ریاض الشعیبی نے اطلاع دی ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کےصدر خالد مشعل
کل جمعرات کے روز سے "تحریک النہضہ” کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کے لیے تیونس پہنچیں گے۔ الشعیبی کا کہنا ہے کہ خالد مشعل کو جماعت کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک النہضہ کی استقبالیہ کمیٹی کے سربراہ نے منگل کے روز دارالحکومت تیونسیہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے بعض ایسی شخصیات کو بھی جماعت کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی ہے جن پر سابق صدر زین العابدین کے دور میں تیونس داخلے پر پابندی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان شخصیات میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل بھی شامل ہیں۔
ایک سال کے اندر حماس کے کسی مرکزی رہ نما کا یہ دوسرا دورہ تیونس ہے۔ قبل ازیں غزہ کی پٹی میں حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے تیونس کا دورہ کیا تھا جہاں وہ کئی دن ٹھہرے تھے۔
ایک سوال کےجواب میں تحریک النہضہ کے عہدیدار نے کہا کہ جماعت کے تاسیسی پروگرام میں عرب اور اسلامی ممالک سے دو سو سے زائد اہم شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جماعت کی تاسیس کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں گی۔ ان تقریبات میں عرب ممالک میں بدلے حالات،عالمی مسائل اور مسئلہ فلسطین جیسے موضوعات پر اظہار خیال کیا جائے گا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین