اردن کے سرکاری ذرائع کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کے دورہ عمان کا پروگرام ملتوی نہیں ہوا۔ ذرائع نے اس دورے کی تاریخ کے بارے میں حتمی تاریخ بتائے بغیر کہا کہ یہ دورہ عید سے قبل یا کچھ روز بعد کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ سے گفتگو کرنے والے اردن کے ذرائع نے بتایا کہ زیادہ توقع اس بات کی ہے کہ یہ دورہ عید سے قبل ہی ہو جائے گا۔
اردنی ذرائع نے اس دورے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے بتایا کہ اس دورے کے ذریعے اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس اور اردن کے درمیان کشیدہ تعلقات بحال ہونے کے امکانات روشن ہیں۔
ذرائع نے امید ظاہر کی کہ عمان کے اپنے اس دورے کے دوران خالد مشعل اعلی اختیاراتی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ وہ فرماں رواں کنگ عبد اللہ ثانی کے علاوہ نئی اردنی حکومت کے وزیر اعظم عون خصاونہ اور دیگر وزراء سے بھی ملیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے کارکن محمد نزال نے دو روز قبل اردن کا دوروہ کیا تھا۔ انہوں نے اردن کی نئی حکومت کو مبارکباد دی تھی۔ وہ اردنی حکومت کے ترجمان سے اس سے قبل بھی دو مرتبہ مل چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حماس کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے اردن کی حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کی وجوہات میں مسئلہ فلسطین کے متعلق حماس کے واضح موقف بالخصوص فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اس کا دو ٹوک موقف ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ قطر کے امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی بھی فریقین کے تعلقات کی بحالی میں کردار ادا کررہے ہیں۔