اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے سے سربراہ خالد مشعل اورغزہ کی پٹی میں حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مصر کے متوقع صدارتی امیدوار ڈاکٹرعبدالمنعم ابوالفتوح کی ٹیلیفون پرعیادت کی ہے اور ان کی بتدریج بہتر ہوتی صحت پر اطمینان کااظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ مصر کے متوقع صدارتی امیدوار کو جمعرات کے روز قاہرہ میں نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ابو الفتوح پر تشدد کے باعث ان کے دماغ میں چوٹ آئی ہے تاہم بعد ازاں ان کی صحت کوخطرے سے باہر بیان کیا گیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ اور خالد مشعل نے جمعہ کو اسپتال میں زیرعلاج ڈاکٹرعبدالمنعم ابوالفتوح کی ٹیلیفون پر خیریت دریافت کی۔
دونوں فلسطینی رہ نماؤں نے ڈاکٹر الفتوح کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ الفتوح تیزی سے روبہ صحت ہیں اور وہ جلد ہی اسپتال سےڈسچارج کر دیے جائیں گے۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ان پر حملہ کرنے والے نامعلوم افراد کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو ان کی گم شدہ کار کی تلاش کے ساتھ ساتھ نامعلوم حملہ آوروں کا سراغ لگانے کی بھی کوشش کر رہی ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین