گزشتہ ایک ہفتے سے اردن میں موجود اسلامی تحریک مزاحمت ۔حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل آج اردن چھوڑ کر قطر روانہ ہو جائیں گے۔وہ گیارہ سال قبل اردن سے جلا وطن کیے جانے کے بعد پہلی مرتبہ اردن کے دورے پر آئے تھے۔
ہفتہ کے روز عمان کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ خالد مشعل آج اردن سے روانہ ہو رہے ہیں۔
گزشتہ اتوار عمان پہنچنے والے خالد مشعل نے اپنے دورے کے دوران اردنی فرماں رواں کنگ عبد اللہ ثانی، اردنی چیف آف آرمی سٹاف مشعل الزبن اور دیگر اعلی سرکاری عہدیداران سے ملاقاتیں کی ہیں۔
حماس کے رہنماؤں نے خالد مشعل کے اس دورے کو مثبت قرار دیا ہے۔ اس دورے کے بعد خالد مشعل قطر روانہ ہونگے جہاں پر وہ مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کرینگے۔
خالد مشعل کے ہمراہ اردن کے دورے میں شریک حماس کے سیاسی شعبے کے ڈپٹی چئیرمین ڈاکٹر موسی ابو مرزوق اور عزت الرشق بدھ کے روز ہی عمان سے روانہ ہو چکے ہیں۔