قاہرہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں وفد نے گذشتہ روز قاہرہ میں مصری انٹیلی جنس چیف اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں غزہ کی پٹی میں امن وامان، اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی اور فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کےامور پر بات چیت کی گئی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے مصری انٹیلی جنس چیف میجر جرنل عباس کامل اور انٹیلی جنس کے فلسطینی امور کے سربراہ میجر جنرل عبدالخالق سے ملاقات کی۔
ان کاکہنا تھا کہ اس ملاقات میں غزہ کی پٹی میں جاری معاشی بحران، فلسطینیوں کے درمیان مصالحت اور جنگ بندی پر بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اتوار کو قاہرہ پہنچا تھا۔ وفد میں حماس کی فلسطین اور بیرون ملک موجود قیادت بھی شامل ہے۔