(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ قطر عالمی برادری کے ساتھ مل کر مقبوضہ فلسطین میں انتخابات اور شفاف انتخابی نتائج کیلئے بین الاقوامی برادری کے ہمراہ نگرانی کرے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ روزامیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کو ایک مراسلہ ارسال کیا جس میں انہوں نے فلسطینی قوم کی حمایت پر مبنی دوحہ کے مؤقف کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قطر مقبوضہ فلسطین میں انتخابات اور شفاف انتخابی نتائج کیلئے عالمی برادری کے ساتھ انتخابات کی نگرانی کے فرائض انجام دے۔
ارسال کئے گئے مکتوب میں مصری صدر السیسی کی ثالثی سے حال ہی میں 14 فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونےوالی بات چیت اور اس حوالے سے قطر اور روس کے موقف سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حماس فلسطین میں مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے اورپارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے تینوں مراحل میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینےکے لیے تیار ہے۔