غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے مصرمیں سیاحوں کی ایک بس پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے مصر کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر میں الجیزہ گورنری میں سیاحوں کی بس پر ہونے والا حملہ دہشت گردی ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں جماعت مصری قوم کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز الجیزہ گورنری میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے سیاحوں کی ایک بس تباہ ہوگئی تھی اور اس میں سوار دو ویتنامی، ایک مقامی گائیڈ سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بس کو سڑک کے کنارے نصب سےریمورٹ کنٹرول کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔