غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حکومت یا انتظامی امور چلانے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کی خبروں کی تردید کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں حماس کے سیاسی شعبے کے صدر یحیٰ السنوار کا کہنا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں غزہ میں انتظامی کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے خبریں شائع ہوئی ہیں مگر ان میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ غزہ میں شہریوں کی زندگی کو مزیدآسان بنانے کے لیے حماس نے بعض تکنیکی نوعیت کی تبدیلیاں کی ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بعض فلسطینی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ غزہ میں حماس نےانتظامی کمیٹی یا حکومت کی تشکیل کی ہے۔
ستمبر 2017ء کو غزہ میں حماس کے زیرانتظام کمیٹی تحلیل کر دی گئی تھی جس کے بعد فلسطین میں قومی اتفاق رائے سے حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا گیا تھا مگر فلسطینی اتھارٹی اور تحریک فتح کےغیرلچک دار رویےکے باعث فلسطینی قومی حکومت تشکیل نہیں دی جاسکی۔