فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت[حماس] کے حکومت کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت یا حماس کا مصر سمیت کسی عرب ملک میں کوئی عسکری کردار نہیں ہے۔ حماس تمام عرب اور مسلمان ملکوں سے یکساں دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے اور کسی ملک کے اندرونی معاملات
میں مداخلت کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت داخلہ کے زیراہتمام پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ "ہم کسی دوسرے ملک میں مداخلت یا عسکری کارروائیوں پر قطعا یقین نہیں رکھتے اور نہ معاملات کو اس حد تک لے جانا چاہتے ہیں۔ ہم اپنے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری سرحد مصرسے بھی ملتی ہے۔ اس سرحد کی حفاظت کی ذمہ داری بھی ہمارے کندھوں پر ہے لیکن ہم مصرہی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اگر ہم غزہ کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں تو یہ مصرکی سرحدوں کی حفاظت ہے۔ مصر کی سلامتی فلسطین کی سلامتی ہے۔ جو مصرکو نقصان پہنچائے گا وہ ہمیں نقصان پہنچائے گا اور جو ہمیں نقصان پہنچائے گاوہ مصر کو نقصان پہنچائے گا”۔
اسماعیل ھنیہ نے غزہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور اسرائیل کی ناکہ بندیوں کا مقابلہ کرنے اور قانون کی عمل داری میں پولیس نے نہایت شاندار کردار ادا کیا ہے۔
غزہ۔۔۔ مرکزاطلاعات فلسطین