(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے بعض میڈیا اداروں کی جانب سے اپنے غیر مسلح ہونے سے متعلق دعووں کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
خبر رساں ادارہ فلسطین الیوم کے مطابق حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بعض میڈیا اور ویب سائٹس نے ایک ایسے شخص کے حوالے سے جھوٹی خبریں نشر کی ہیں جو خود کو حماس کا ذریعہ بتاتا ہے۔ اس نے ٹی وی چینل الحدث کو بتایا تھا کہ حماس مرحلہ وار اپنے ہتھیار بین الاقوامی نگرانی میں جمع کرانے پر راضی ہو گئی ہے۔
حماس نے وضاحت کی کہ ہم اس خبر کو قطعی طور پر غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ حماس کے تمام سرکاری بیانات اور اعلانات صرف تنظیم کی سرکاری ویب سائٹ اور ٹیلیگرام چینل پر شائع کیے جاتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل العربیہ چینل نے بھی دعوی کیا تھا کہ فلسطینی مزاحمت بین الاقوامی نگرانی کے تحت تدریجی طور پر ہتھیار جمع کرانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔