فلسطین کی منظم مذہبی سیاسی اور عسکری تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے مرکزی رہ نما اور تنظیم کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے جماعت کے دمشق چھوڑنے سے
متعلق اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے حماس کا بیرون ملک ہیڈ کواٹر شام کے صدر مقام دمشق ہی میں رہے گا، اسے کسی دوسرے ملک میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایک عرب خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے حماس کے رہ نما ڈاکٹر مرزوق نے کہا کہ "میڈیا میں آنے والی وہ تمام اطلاعات حماس کے خلاف مکروہ پروپیگنڈے کا حصہ ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ حماس ایران سے اپنا تعلق ختم کرنے کے ساتھ ساتھ شام سے اپنا ہیڈ کواٹر کسی دوسرے عرب ملک میں منتقل کرنا چاہتی ہے۔ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں”۔
انہوں نے کہا کہ "میں اس وقت بھی شام ہی سے بات کر رہا ہوں۔ ہماری جماعت کا بیرون ملک ٹھکانہ دمشق ہی رہے گا، جسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
قبل ازیں حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے بھی میڈیا میں آنے والی ان اطلاعات کی تردید کی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ حماس شام سے اپنا دفتر کسی دوسرے عرب ملک میں منتقل کرنا چاہتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حماس نے ایران سے اپنے روابط بھی ختم یا کم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ دمشق سے دفترکی کسی دوسرے ملک منتقلی بھی اسی پیش رفت کا حصہ ہے