مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کے ایک باثوق سیکیورٹی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی کارندوں نے غزہ کی پٹی میں عوام کو حماس کے خلاف اکسانے کی ایک گھنائونی سازش تیار کی تھی تاہم سیکیورٹی اداروں اور حماس نے مل کر اسے ناکام بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مخصوص لوگوں کو حماس کےخلاف اکسانے کی کوشش کی گئی تھی اور ان سے کہ گیا تھا کہ غزہ کی پٹی کے موجودہ بحرانوں کی ذمہ دار حماس کو قرار دیا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل کے ایک خفیہ ادارے’شاباک‘ کی جانب سے غزہ کی پٹی میں افراتفری پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا پر جعلی ناموں کے ساتھ دسیوں اکائونٹ کھولے گئے تھے۔ان میں فیس بک اور ’ٹیوٹر‘ کے اکائونٹ شامل ہیں۔ جن کے ذریعے حماس کے خلاف شرانگیز مہم چلائی جا رہی تھی اور عوام کو حماس کے خلاف بغاوت کرنے کا کہا جا رہا تھا۔ حماس کے سیکیورٹی اداروں نے ان جعلی شوشل نیٹ ورکنگ اکائونٹس کی تحقیقات کیں تو پتا چلاکہ یہ صہیونی دشمن کی کارستانی جو غزہ کی پٹی میں بدامنی پھیلانے اور حماس کے خلاف بغاوت پر اکسانے کی سازش کررہا ہے۔
پولیس نے کئی افراد کو جعلی اکائونٹس کو چلانے اور انہیں آگے بڑھانے کےالزام میں حراست میں لیا ہے جن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ جلد ہی انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
