اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے تنظیم کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل پرمصر کے ایک اخبارکی جانب سے عائد الزامات مسترد کردیے ہیں
جن میں کہا گیا تھا کہ خالد مشعل نے حال ہی میں اپنے عرب ممالک کے دورے کے دوران شامی فوج کے بارے میں اہم معلومات اور راز افشاء کیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے اپنے ایک بیان میں مصر اخبار”روز الیوسف” کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کو بے بنیاد اور صحت سے عاری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس کی قیادت پر اس طرح کے بے سروپا الزامات کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ یہ الزامات حماس مخالف لابی کے بغض اور عناد کا نتیجہ ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں مصری اخبار "روز الیوسف” نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ خالد مشعل نے اخوان المسلمون کے مرشد عام ڈاکٹر محمد بدیع کو شامی فوج کے بہت سے اہم راز اس لیے بتائے تھے تاکہ وہ ان معلومات کو اسرائیلی فوج کو فراہم کرکے ان کے بدلے میں فلسطینی قیدیوں کو رہا کرائیں۔ حماس رہ نما عزت رشق کا کہنا ہے کہ یہ الزامات اس قدر گھٹیا ہیں کہ ان پر تبصرہ کرنا یا ان کا تردیدی بیان جاری کرنا بھی اچھا نہیں لگتا ہے۔
عزت رشق نے کہا کہ بھلا یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل شامی فوج کے بارے میں اہم اورحساس معلومات اسرائیل کو فراہم کرنے کے لیے مرشد عام کو بتائیں۔ اخبار نے جس ذرائع سے یہ خبر دی ہے وہ نہ تو حماس کا خیر خواہ ہے اور نہ ہی مصری اور شامی قوم کا خیر خیر خواہ ہے۔ بلکہ ایسے لوگ صہیونی دشمن کی چاکری کرتے ہیں اور اس طرح افواہیں اڑا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔