غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قضیہ فلسطین، فلسطین سے متعلق روس کے مثبت مؤقف اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے روسی نائب وزیرخارجہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے ماسکو کے خصوصی ایلچی میخائل بوگدانوف سے باہمی تعلقات اور قضیہ فلسطین کے حوالے سے عالمی اور علاقائی سطح پرہونے والی مشاورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر حماس رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطینی دھڑوں میں وحدت اور مصالحت کے لیے کوشاں ہے اور فلسطینیوں کو متحد رکھنے کے لیے روسی کردار قابل تحسین ہے۔