اردن کے وزیر اطلاعات اور سرکاری ترجمان راکان المجالی نے بتایا ہے کہ فلسطینی مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کم و بیش ایک ہفتے کے اندر اندر عمان کا دورہ کریں گے جہاں ان کی خصوصی ملاقات ملک کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ہو گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایک اردنی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اردنی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حماس رہ نما کے دورہ اردن کے دوران قطر کے ولی عہد الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ایک دوسرے سوال کے جواب میں المجالی نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق قطری رہ نما شیخ تمیم بن حمد شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے جبکہ خالد مشعل اردن کی سیاسی قیادت سے مزید ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حماس کے ساتھ اردنی حکومت کے رابطے فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ تعلقات کی قیمت پر نہیں ہو رہے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ اردنی حکومت کے باضابطہ تعلقات قائم ہیں لیکن کے ساتھ ساتھ عمان حکومت تمام فلسطینی دھڑوں کے ساتھ یکساں مسافت کے تعلقات قائم رکھنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل کے دورہ اردن کا کئی مرتبہ اعلان کیا گیا ہے تاہم بعض ناگزیر وجوہ کی بنا پر انہوں نے تاحال اردن کا دورہ نہیں کیا ہے۔ اردنی حکومت کی جانب سے ان کے دورے کے بارے میں پہلی مرتبہ یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں۔