(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صہیونی فوج کے برپا کردہ مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ حزمة واقعہ اسرائیلی بربریت کا رد عمل ہے اور فلسطینیوں کی شہادت کا جواب ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو دن پہلے بیت المقدس کے علاقے حزمة میں ہونے والا واقعہ جس میں ایک کار سوار نے اپنی گاڑی اسرائیلی فوجیوں پر چڑھادی تھی جس سے پانچ اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے تھے یہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کا فطری ردعمل ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز ایک فلسطینی کارسوار نے اپنی گاڑی اسرائیلی فوجیوں پر چڑھاد ی تھی جس کے باعث پانچ اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے تھے جن کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کے یہود آباد کاروں کا صیہونی افواج کی سرپرستی میں آئے روز مسجد اقصی میں گھس کر اشتعال انگیز کارروائیاں کرنا اور وہاں موجود عبادت گزاروں پر تشدد کرنا فلسطینی کے غیض و غضب کو بڑھا رہا ہے،اور فلسطینیوں کا یہ غصہ کسی دن لاوے کی شکل میں بہہ کر اسرائیل کے ناپاک وجود کو بہا کر لے جائے گا۔
