اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس‘‘ نے تیونس میں باردو عجائب گھرپرہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل ہونے والے اس حملے میں کم سے کم بیس افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تیونس میں عجائب گھرپرحملہ اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیا دونوں قابل مذمت ہیں۔ فلسطینی عوام دہشت گردی کے اس واقعے پر تیونسی قوم کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ دہشت گردی قرار دے رہی ہے۔
حماس نے دہشت گردی کے واقعے میں مارے جانے والے تیونس اور دوسرے غیرملکی شہریوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تیونس کے سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کی نشاندہی کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچانے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین