(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکاراسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے منگل کی شام غزہ میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات غزہ میں محصور فلسطینیوں کی ثابت قدمی اور استحکام کو متزلزل نہیں کرسکتے ۔
گزشتہ روزجاری ہونے والے اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ غزہ تمام سازشوں سے بالاتر ہے، جنگیں اور محاصرے ہمارے عزم کو نہیں توڑ سکے اس طرح کے جرائم ہمارے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتے ۔
انہوں نے مزید کہا ، "اس طرح کے دھماکے فلسطینیوں کے استحکام اور صبر کو مجروح نہیں کرسکیں گے غزہ حکومت ایسی سازشوں سے بہتر انداز سے نمٹنا جانتی ہے۔
اسمٰعیل ھنیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس طرح کی خبروں پر صرف اس وقت یقین کیا جائے جب وہ وزارت داخلہ یا قومی سلامتی کے سرکاری ذرائع سے جاری ہوں۔