(روزنامہ قدس۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 5 سال قبل 2014 میں غزہ پر مسلط کی گئی 51 روزہ جنگ کے حوالے سے اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تنظیم کے عسکری ونگ نے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آزادی کے حصول تک اسرائیل سے جنگ جاری رہے گی اور فلسطینی مجاہدین جدوجہد آزادی کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تیاری جاری رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام نے مجاہدین کے ساتھ مل کر مشہور زمانہ لڑائی معرکہ العصف الماکول میں جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ تاریخ میں رقم کیے جانے کے قابل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن کو پیغام ہے کہ فلسطینی قوم اپنے اوپر مسلط کیے جانے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور دشمن بیشتر دفعہ ہماری قوت آزما چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی مجاھدین کی جوابی کارروائیوں سے صہیونی ریاست کے عسکری اداروں میں زلزلہ برپا ہے۔ اللہ کے فضل وکرم سے فلسطینی مزاحمت نے دفاع کے لیے بہت کچھ ذخیرہ کر رکھا ہے۔
خیال رہےکہ 7 جولائی 2014ء کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر مختلف اطراف سے حملہ کردیا تھا۔ صہیونی فوج کی طرف سے اس حملے کے لیے’آپریشن لیڈ کاسٹ’ کی اصطلاح استعمال کی جبکہ القسام بریگیڈ نے اسے’العصف الماکول’ یعنی کھایا ہوا بھوسا کا نام دیاتھا۔
اکاون روز تک جاری رہنے والی اس جنگ میں 2322 فلسطینی شہید ہوئے۔ شہداء میں 578 بچے،489 خواتین،102 عمررسیدہ شہری شامل ہیں جب کہ 11 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ دوسری طرف فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 68 صہیونی فوجی،4 یہودی آباد کار ہلاک اور 740 فوجیوں سمیت 2522 صہیونی زخمی ہوئےتھے۔