(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اقوام متحدہ کے خصوصی ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین میں مالی بےضابطگیوں اور کرپشن کی خبروں پر فلسطینی مزاحتمی تنظیم حماس نے اپنا شدید ردعمل ظاہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حماس کے ترجمان باسم نعیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اونروا میں مالی بے ضابطگیوں کی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے اور تمام معاملات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فلسطینی شہری اونروا میں موجود کرپٹ عناصر کو تحفظ دیئے جانے کی کوششوں کی شدید مخالفت کرے گا اور ان کے احتساب کا مطالبہ جاری رکھے گا۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ا س معاملے کو چھپانے کے لیے جس قسم کے ڈھکوسلہ اقدامات کیے گئے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سب فلسطینیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں کو تباہ کرنے کی امریکی اور اسرائیلی کوششوں کا حصہ ہے اور یہ کھیل فلسطینیوں کو نقصان پہنچانے کے لیے کھیلا جا رہا ہے۔
باسم نعیم کا مزید کہنا تھا کہ اونروا میں کرپشن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس اس وقت منظر عام پر آئیں جب گزشتہ ہفتے ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اونروا کے اختیارات بڑھانے کے حوالے سے رائے شماری کی تھی۔اور یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسرائیل اور امریکہ اونروا کو ختم کرنے کی تجاویز بھی انہی دنوں دی ہیں جب متنازعہ رپورٹس منظر عام پر آئی ہیں۔اور یہ تمام امر فلسطینی عوام کے لیے باعث تشویش ہیں۔
